اوگرا نے مالی سال 2025-26 کیلئے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کے اوسط نرخ متعارف کرادیے

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اوگرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 8(2) کے تحت اپنے فیصلوں کے ذریعے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کے لئے مالی سال 2025-26 کے اندازہ شدہ آمدنی کی ضرورت ( آرای آرآر) کے جائزہ کا تعین کیا ہے۔ پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اوگرا نے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کی محصول کی ضروریات، اخراجات اور آمدنی کا بغور جائزہ لیا۔ مزید برآں پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے معاملے میں موخر شدہ کارگو کے اثرات کو گیس صارفین کے فائدے کے لئے شامل کیا گیا ہے۔
ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کے لئے مالی سال 26-2025 کے اوسط مقررہ نرخ عارضی طور پر بالترتیب 1,804.08 روپے /ایم ایم بی ٹی یو اور 1,549.41 روپے / ایم ایم بی ٹی یو مقرر کئے گئے ہیں جس سے موجودہ مقررہ نرخ کے مقابلے میں بالترتیب 3 اور 8 فیصد کمی ہوئی ہے تاکہ صارفین کے مفاد کا تحفظ اور مالی نظم و ضبط کو فروغ دیا جا سکے۔
مزید بر آں اوگرانے یکم جولائی 2024 کو وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت سابقہ کمی /گیس سرکلر قرضہ کے سٹاک کے مقابلے میں ایس این جی پی ایل کے معاملے میں 13,565 ملین روپے اور ایس ایس جی سی ایل کے معاملے میں 47,315 ملین روپے ایڈ جسٹ کئے ہیں۔ مندرجہ بالا فیصلہ کے ذریعے وفاقی حکومت سے درجہ بندی / کیٹگری کے مطابق فروخت کی قیمتوں کے بارے میں مشورہ طلب کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کے مشورہ کے مطابق کسی بھی قسم کی ترمیم، اوگرا کی طرف سے مطلع کی جائے گی۔ تب تک موجودہ درجہ بندی / کیٹگری کے مطابق قدرتی گیس کی فروخت کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔ گیس یوٹیلٹیز کی آمدنی کی ضروریات کے حوالے سے اوگرا کے فیصلے کی تفصیلات او گر اویب سائٹ https://ogra.org.pk/decisions-4، https://ogra.org.pk/decisions-3 پر موجود ہیں۔



