بنگلہ دیش میں پولیس پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش ، نیا یونیفارم متعارف

بنگلہ دیش پولیس نے اپنا نیا یونیفارم متعارف کرا دیا ہے جس کا مقصد اصلاحات کا پیغام دینا اور عوام کا وہ اعتماد بحال کرنا ہے جو گزشتہ برس کی بڑی عوامی بغاوت کے بعد شدید طور پر متاثر ہوا تھا۔
اے ایف پی کے مطابق یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک آئندہ عام انتخابات کی تیاری کر رہا ہے، 2024 میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی آمرانہ حکومت کے خاتمے کے دوران کم از کم 1400 افراد مارے گئے اور ہزاروں زخمی ہوئے تھےجن میں بڑی تعداد پولیس فائرنگ کا نشانہ بننے والوں کی تھی، اس صورتحال نے پولیس کو شدید بحران سے دوچار کر دیا۔
پولیس کے ترجمان شہادت حسین نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہاکہ بنگلہ دیش پولیس ایک غیر معمولی بحران سے گزر رہی ہے،پالیسی سازوں نے تجویز دی کہ شاید نیا یونیفارم ایک مثبت تبدیلی لا سکے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے اب اپنے روایتی فیروزی اور نیلے رنگ کے یونیفارم کو بدل کر آئرن گرے شرٹس اور چاکلیٹ براؤن ٹراؤزرز اختیار کر لیے ہیں ۔بنگلہ دیش کی آبادی 170 ملین سے زائد ہے اور ملک میں فروری 2026 میں انتخابات منعقد کرائے جانے کا امکان ہے، ان انتخابات کے پرامن انعقاد میں سکیورٹی فورسز کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔



