کاروباری

ایس آئی ایف سی کی مؤثر پالیسیوں کے باعث پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ

سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی فعال پالیسیوں، تیز رفتار سہولت کاری اور اصلاحاتی اقدامات کی بدولت پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کا واضح ثبوت سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار ہیں۔

سٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر 2025 میں پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) 178.9 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال اکتوبر میں ریکارڈ کیے گئے 145.9 ملین ڈالر سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ مجموعی طور پر ماہِ اکتوبر کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری 273.7 ملین ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 34 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

مزید برآں، رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ (جولائی تا اکتوبر 2025) کے دوران مجموعی طور پر 747.7 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان میں آئی، جو عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور پاکستان میں بہتر معاشی ماحول کا ثبوت ہے۔اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر 2025 میں چین، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ براہ راست سرمایہ کاری کے لحاظ سے نمایاں رہے، جبکہ چین 238 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ صفِ اول پر رہا۔

معاشی ماہرین کے مطابق، یہ اعداد و شمار پاکستان کی معیشت کی بتدریج بحالی، پالیسی استحکام اور سرمایہ کار دوست ماحول کی عکاسی کرتے ہیں۔ ایس آئی ایف سی کی کوششوں کے نتیجے میں سرمایہ کاری کے شعبے میں واضح مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، جو نہ صرف معاشی ترقی بلکہ روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافے کی راہ ہموار کر رہا ہے۔

ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری میں مزید اضافے اور عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کے نئے دروازے کھولنے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button