وسط مدتی انتخابات کے بعدصدر کے ساتھ ممکنہ صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی کے بارے میں بات کرنے کے لئے تیار ہوں، امریکی نائب صدر

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ وہ نومبر 2026 کے وسط مدتی انتخابات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی ممکنہ صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی کے بارے میں بات کرنے کےلئے تیار ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران 2028 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ ہم وسط مدتی انتخابات جیتیں گے، ہم ان انتخابات میں کامیابی کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے اور اس کے بعد وہ صدرِ کے ساتھ بیٹھ کر اس معاملے پر بات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً میں نے سوچا ہے کہ وسط مدتی انتخابات کے بعد وہ لمحہ کیسا ہو سکتا ہے لیکن جب بھی یہ خیال ذہن میں آتا ہے، میں خود کو یاد دلاتا ہوں کہ امریکی عوام نے مجھے موجودہ ذمہ داری ادا کرنے کے لئے منتخب کیا ہے اور میرا فرض ہے کہ میں وہ ذمہ داری پوری کروں۔ اگر آپ قبل از وقت مستقبل کے بارے میں سوچنے لگیں تو یہ آپ کی موجودہ کارکردگی کو متاثر کر سکتا ہے۔
امریکا میں وسط مدتی انتخابات 3 نومبر 2026 کو ہوں گے، جن میں سینیٹ کی 33 نشستوں اور ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں پر ووٹنگ ہو گی۔ اس وقت کانگریس کے دونوں ایوانوں پر ریپبلکن پارٹی کا کنٹرول ہے۔اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ اعلان کر چکے ہیں کہ وہ دوبارہ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے بارے میں نہیں سوچ رہے اور وہ ابھی یہ بتانے کے لئے تیار نہیں کہ ان کا ممکنہ جانشین کون ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریپبلکن پارٹی میں مضبوط امیدوار موجود ہیں، جن میں جے ڈی وینس، وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور دیگر شخصیات شامل ہیں۔



