کھیلوں کی دنیا

وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ

وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تین ملکی سیریز اور جاری ون ڈے سیریز کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے اور وزیر مملکت طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ محسن نقوی نے اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں جانفشانی اور ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر پریکٹس سیشن میں مصروف سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر ان کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ آپ کی سیکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے، آپ کا دورہ پاکستان جاری رکھنا امن کی جیت اور دہشتگردی کی شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان آپ کی محبت اور خلوص کا ہمیشہ مقروض رہے گا، پاکستان اور سری لنکا کی دوستی کا یہ خوبصورت موڑ پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ محسن نقوی نے پاکستانی کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے پریکٹس سیشن کا جائزہ لیا۔

سری لنکن ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات انجام دی ہیں مگر پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سیکیورٹی کے انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، کمشنر راولپنڈی، آئی جی اسلام آباد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button