کاروباری

آسیان ممالک کے وفد کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ، تجارت کے فروغ اور بی ٹو بی روابط کے استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کا عزم

آسیان ممالک کے وفد نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تجارت کے فروغ اور بی ٹو بی روابط کے استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفد میں برونائی کے پاکستان میں تعینات ہائی کمشنر کرنل (ر) پینگیران حاجی کمال باشاہ بن پینگیران حاجی احمد، پاکستان میں تعینات سوشلسٹ ریپبلک آف ویتنام کے سفیر فم انہ توآن، پاکستان میں تعینات ملائیشیا کے ہائی کمشنر ایمب دتو محمد اظہر مذلان، پاکستان میں تعینات تھائی لینڈ کے سفیر رونگودھی ورابٹر و دیگر شامل تھے۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہر گیلانی، سینئر نائب صدر میاں مراد ارشد اور نائب صدر سلمان شیخ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور چیمبر آمد پر پھولوں کے گلدستے پیش کر کے انہیں خوش آمدید کہا۔

آسیان ممالک کے وفد میں تھائی لینڈ، ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی، آئرلینڈ، ویتنام، میانمار، فرسٹ سیکرٹری آف فلپائن اور کمبوڈیا کے اسلام آباد میں تعینات نمائندے شریک تھے۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہر گیلانی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ پاکستان کی برآمدات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور یہاں کے صنعتکار عالمی معیار کے پیداواری عمل سے منسلک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسیان ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ سے خطے میں معاشی تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔ وفد کے اراکین نے سیالکوٹ کی صنعتوں، خصوصاً کھیلوں کا سامان، آلات جراحی، موسیقی کے آلات اور چمڑے کی مصنوعات میں دلچسپی کا اظہار کیا اور دو طرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button