18 ویں ترمیم میں اتنی طاقت ہے کسی کا باپ بھی چاہے اسے ختم نہیں کرسکتا: بلاول بھٹو

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم میں اتنی طاقت ہے کسی کا باپ بھی چاہے اسے ختم نہیں کرسکتا، 18ویں ترمیم پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سیاست دان ایک دوسرے کو عزت نہیں دیں گے ، تب تک ایوان اور ملک صحیح طریقے سے نہیں چلے گا ، اپوزیشن کا کام صرف یہ نہیں کہ اپنے لیڈر کی رہائی کا رونا پیٹنا جاری رکھے ، قانون سازی میں مشاورت بھی اور حکومت کو جواب دہ بنانا بھی اپوزیشن کی ذمے داری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کسی قانون سازی کی مضبوطی اکثریت سے نہیں اتفاقِ رائے سے ظاہر ہوتی ہے ، یہ ایوان سیاسی جماعتوں کی طاقت ہے ، جو ترمیم یا قانون سازی سیاسی جماعتوں کے صلاح و مشورے سے سامنے آئے گی اس سے ملک اور ایوان دونوں کو طاقت ملے گی ۔



