سعودی ورچوئل ہسپتال نے دبئی میں ڈیجیٹل ہیلتھ ایوارڈ جیت لیا

سعودی وزارت صحت کے صحۃ ورچوئل ہسپتال اور انووینشن امپاورمنٹ سینٹر نے دبئی میں آٹھویں’Zimam‘ ڈیجیٹل ہیلتھ فورم میں سال 2025 ڈیجیٹل ہیلتھ آرگنائزیشن کی کیٹیگری میں ڈیجیٹل ہیلتھ ایوارڈ جیت لیا۔ اردو نیوز کے مطابق یہ ایوارڈ ہیلتھ کیئر کے معیار کو بہتر بنانے، رسائی کو آسان بنانے اور ہیلتھ کیئر تک رسائی کو بڑھانے کےلیے جدید ڈیجیٹل ہیلتھ سٹرٹیجی اپنانے کا اعتراف ہے۔
یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے تحت صحت کے شعبے کی تبدیلی کے پروگرام کی سپورٹ کرتے ہیں جس کا مقصد پائیدار صحت کو فروغ دینا ہے۔یہ ایوارڈ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں ہیلتھ آرگنائزیشنز کو دیا جاتا ہے جو موثر ڈیجیٹل ہیلتھ اقدامات کو نافذ کرتی ہیں۔صحہ ورچوئل ہسپتال فروری 2022 میں ہیلتھ کیئر سیکٹر کو ڈیجیٹلائز کرنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔
130 منسلک ہسپتالوں کے بڑھتے ہوئے لائیو نیٹ ورک کے ساتھ صحہ ورچوئل ہسپتال دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ہسپتال ہے۔ورچوئل ہسپتال کے مریضوں کو خصوصی ڈاکٹروں کے لیے مملکت کے مختلف حصوں کا سفر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔



