عالمی

شامی صدر احمد الشرع کا تاریخی دورہ امریکا ، دہشت گردی کی فہرست سے نام نکالے جانے کے ایک روز بعد واشنگٹن پہنچ گئے

شام کے صدر احمد الشرع سرکاری تاریخی دورے پر امریکا پہنچ گئے، ان کی آمد شامی سرکاری خبررساں ادارے نے رپورٹ کی۔ یہ دورہ اس وقت عمل میں آیا جب امریکا نے ایک روز قبل ان کا نام دہشت گردی کی فہرست سے خارج کیا۔اے ایف پی کے مطابق احمد الشرع پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

ماہرین کے مطابق 1946 میں شام کی آزادی کے بعد یہ کسی شامی صدر کا پہلا دورہ امریکا ہے۔عبوری رہنما احمد الشرع نے اس سال مئی میں صدر ٹرمپ سے ریاض میں امریکی صدر کے علاقائی دورے کے دوران پہلی ملاقات کی تھی۔امریکا کے شام کے لیے خصوصی ایلچی ٹام بیرک نے رواں ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ احمد الشرع سے توقع ہے کہ وہ داعش کے خلاف بین الاقوامی امریکی قیادت والے اتحاد میں شامل ہونے کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔

ایک شامی سفارتی ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ امریکا دمشق کے قریب ایک فوجی اڈہ قائم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے تاکہ انسانی امداد کی ہم آہنگی اور شام و اسرائیل کے درمیان حالات کا مشاہدہ کیا جا سکے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے کہا کہ شامی حکومت نے امریکی مطالبات پر عملدرآمد کیا ہے، جن میں لاپتہ امریکیوں کی تلاش اور باقی ماندہ کیمیائی ہتھیاروں کے خاتمے کے اقدامات شامل ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یہ فیصلے شامی قیادت کی جانب سے نمایاں پیش رفت کے اعتراف کے طور پر کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے احمد الشرع کا نام فہرست سے خارج کرنے کا مقصد علاقائی سلامتی، استحکام اور شامی عوام کی قیادت میں جامع سیاسی عمل کو فروغ دینا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button