بی سی سی آئی کا صنفی امتیاز ، ویمنز ٹیم کو ورلڈکپ جیتنے پرکم انعام دینے پر تنقید

بھارت میں جنس کی بنیاد پر امتیاز ایک بار پھر اس وقت موضوعِ بحث بن گیا ، جب بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویمنز ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے انعامی رقم کا اعلان کیا۔
بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم نے اتوار کو جنوبی افریقا کو شکست دے کر پہلی بارویمنز ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے پیر کو جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے پر بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے انعامی پیکج کا اعلان کیا۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ویمنز ٹیم اور سپورٹ اسٹاف کو ان کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں کل 51 کروڑ بھارتی روپے انعام کے طور پر دیے جائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے ویمنز ٹیم کیلئے انعام کے اعلان کے بعد پسِ پردہ ایک سوال کھڑا ہوگیا کہ “صرف 51 کروڑ ہی کیوں؟”
یہ رقم اُس انعام سے آدھی بھی نہیں جو بی سی سی آئی کی جانب سے بھارت کی مینز کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے پر دی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے پر مینز ٹیم کو 125 کروڑ روپے دیے گئے تھے۔
دوسری جانب اب ویمنز ٹیم جس نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کی کو صرف 51 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فرق ایک بار پھر اس بحث کو جنم دے رہا ہے کہ بھارت میں ویمنز کرکٹرز کو ان کی کامیابی کے باوجود برابر کا حق نہیں مل رہا؟



