جنسی اسکینڈل: شاہ چارلس نے بھائی شہزادہ اینڈریو سے ’پرنس‘ کا لقب واپس لے لیا

برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے اپنے بھائی شہزادہ اینڈریو سے ‘پرنس’ کا لقب واپس لیتے ہوئے انہیں شاہی رہائش گاہ خالی کرنے کا حکم دیدیا۔
بکنگھم پیلس کے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پرنس اینڈریو کو اب اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کے نام سے جانا جائے گا اور انہیں ‘پرنس’ کے لقب سے نہیں پکارا جائے گا، اب وہ شاہی رہائش گاہ رائل لاج سے منتقل ہو کر نجی رہائش اختیار کریں گے۔
بکنگھم پیلس کے بیان میں کہاگیا کہ یہ اقدامات ضروری سمجھے گئے ہیں، رپورٹس کے مطابق بادشاہ چارلس نے یہ فیصلہ شاہی خاندان کی ساکھ کو محفوظ رکھنےکے لیے کیا ہے۔
یاد رہے کہ شہزادہ اینڈریو پر جنسی جرائم میں ملوث جیفری ایپسٹین سے تعلقات پر طویل عرصے سے تنقید جاری تھی اور کئی ہفتوں سے شہزادہ اینڈریو کو ان کی جیفری ایپسٹین سے دوستی اور جنسی اسکینڈل کے باعث شاہی خاندان سے الگ کرنے کا مطالبہ بڑھ رہا تھا۔
پرنس اینڈریو جنسی الزامات کے بعد رواں ماہ کے آغاز میں ڈیوک آف یارک سمیت دیگر شاہی القابات سے دستبردار ہوگئے تھے۔ پرنس اینڈریو نے بیان میں کہا تھا کہ وہ اب بھی پرنس کے طور پر جانے جائیں گے لیکن وہ آئندہ اپنے شاہی خطابات استعمال نہیں کریں گے۔
تاہم بادشاہ چارلس نے آج ان سے ‘پرنس’ کا لقب بھی واپس لے لیا۔



