قومی

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے میٹا کے وفد کی ملاقات، ایل ایل ایم منصوبے پر گفتگو

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے میٹا کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت جنوبی ایشیا کے لیے ڈائریکٹر پبلک پالیسی سارم عزیز نے کی۔ ملاقات میں سندھ حکومت اور میٹا کے درمیان لاما لینگویج ماڈل (ایل ایل ایم) منصوبے کے تحت تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا مقصد قومی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور مقامی جدت کو فروغ دینا ہے۔

اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر تعلیم سید سردار شاہ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے آئی ٹی علی راشد، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ آغا واصف اور سیکرٹری آئی ٹی نور سموں شریک تھے۔ میٹا کے وفد میں دانیا مختار (پبلک پالیسی پاکستان)، تہارا پنچیہیوا (ایسوسی ایٹ منیجر) ، روئی سی ٹیو (ہیڈ آف پالیسی پروگرام) اور دیگر اراکین شامل تھے۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کا میٹا کے ساتھ لاما پروجیکٹ پر شراکت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے مطابق ہے جو مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور ڈیٹا پر مبنی جدت میں قومی صلاحیت سازی کی کوششوں کو تقویت دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان محض ٹیکنالوجی کا صارف نہیں بلکہ اے آئی پر مبنی ترقی اور جامع نمو کا ایک عالمی مرکز بنے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اشتراک کے ذریعے سندھ حکومت لاما کے اوپن سورس ماڈل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اے آئی ریسرچ، نیچرل لینگویج پروسیسنگ اور مقامی ضروریات کے مطابق ایپلیکیشنز کی تیاری کو فروغ دے گی جو صوبے کی لسانی، تعلیمی اور انتظامی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں گی۔

اس منصوبے سے محققین، سٹارٹ اپس اور جامعات کے لیے ایسے مواقع پیدا ہوں گے جن کے ذریعے وہ معاشرتی مسائل کے حل کے لیے قابل قبول حل تیار کر سکیں۔میٹا کے وفد نے وزیراعلیٰ کو ایشیا پیسفک کے ممالک میں عوامی شعبے میں لاما ماڈل کے استعمال پر بریفنگ دی جس میں سندھ حکومت کے کامیاب منصوبے بھی شامل ہیں، جیسے خودکار دفتری انتظام، ورچوئل ورثہ سیاحت اور اے آئی کی مدد سے طبی تشخیص۔ ان منصوبوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اوپن سورس اے آئی کس طرح کارکردگی میں اضافہ، ثقافتی ورثے کا تحفظ اور صحت کی سہولیات میں بہتری لا سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے نظام کو فروغ دینے میں میٹا کے تعاون کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کے ذریعے بہتر طرزِ حکمرانی، ڈیجیٹل صلاحیت اور شہری خدمات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button