پاکستان۔یورپی یونین ہجرت و نقل و حرکت کے مکالمہ کا تیسرا اجلاس

یورپی یونین کے وفد نے ہجرت اور افرادی قوت کی نقل و حرکت کے شعبہ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا ہے۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق پاکستان۔یورپی یونین ہجرت و نقل و حرکت کے مکالمہ کا تیسرا اجلاس وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوا۔ پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل یورپ عرفان احمد جبکہ یورپی یونین کی جانب سے نائب ڈائریکٹر جنرل برائے ہوم یوہانس لوشنر نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔
فریقین نے گزشتہ روز ہونے والی پاکستان۔یورپی یونین مشترکہ ری ایڈمیشن کمیٹی کے 16ویں اجلاس اور پاکستان۔یورپی یونین ٹیلنٹ پارٹنرشپ راؤنڈ ٹیبل کے تیسرے اجلاس میں ہونے والی بات چیت کا جائزہ لیا جو وزارتِ داخلہ اور وزارتِ سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی میں منعقد ہوئے تھے۔فریقین نے ہجرت اور افرادی قوت کی نقل و حرکت کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا۔ پاکستانی فریق نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان یورا (EURA) معاہدے پر عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے۔
یورپی یونین کے وفد نے غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں فریقین نے باہمی مفاد کے لیے پاکستان۔یورپی یونین ٹیلنٹ پارٹنرشپ روڈ میپ پر عملدرآمد کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ ہجرت و نقل و حرکت کے مکالمے کا اگلا اجلاس برسلز میں منعقد ہوگا۔



