قومی

وفاقی محتسب فوزیہ وقار کی زیرِ صدارت پشاور میں صوبائی اسٹیک ہولڈرز اجلاس

وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی (فوسپا) فوزیہ وقار کی زیرِ صدارت جمعرات کو پشاور میں ایک اہم صوبائی اسٹیک ہولڈرز اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری اداروں، پولیس، وکلا، اکیڈمیا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ترجمان کے مطابق اجلاس کا مقصد کام کی جگہوں پر ہراسانی کے خلاف ادارہ جاتی ردِعمل کو مزید مؤثر بنانا اور وفاقی و صوبائی سطح پر اشتراکِ عمل کو فروغ دینا تھا۔اجلاس کا آغاز فوسپا پشاور ریجنل آفس کی اسسٹنٹ رجسٹرار آمنہ رفیق نے کیا جنہوں نے اجلاس کے مقاصد اور شرکاء کا تعارف پیش کیا۔افتتاحی خطاب میں وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے فوسپا کے مینڈیٹ، عوامی خدمات اور شکایات کے ازالے کے نظام پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران اب تک فوسپا کو 1303 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 933 نمٹائی جاچکی ہیں، جبکہ 71.6 فیصد کی ڈسپوزل ریٹ ادارے کی شفافیت اور مؤثریت کا مظہر ہے۔ فوزیہ وقار نے کہا کہ ہراسانی صرف خواتین کا نہیں بلکہ گورننس کا مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔صوبائی محتسب خیبر پختونخوا محترمہ رباب مہدی نے صوبائی سطح پر درپیش چیلنجز اور آگاہی کے فروغ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

اجلاس میں کے پی پولیس، ویمن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، کے پی کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (KPCSW)، اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے متاثرہ خواتین، ٹرانس جینڈر افراد اور اقلیتی برادریوں کے لیے بہتر ریفرل سسٹمز اور ادارہ جاتی حساسیت کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے نمایاں شرکاء میں رخشندہ ناز (میرا گھر نور ٹرسٹ)، سمیرا شمش (چیئرپرسن KPCSW)، اختر علی خان (فرنٹیئر لاء کالج) اور فرزانہ جان (ٹرانس جینڈر رائٹس ایکٹوسٹ) شامل تھیں۔

اس موقع پر UNHCR، بلیو وینز، دا حوا لور، پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور دیگر اداروں کے نمائندگان نے بھی فعال شرکت کی۔اختتامی خطاب میں فوزیہ وقار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فوسپا وفاقی و صوبائی سطح پر ادارہ جاتی ہم آہنگی، منظم ریفرل میکانزم اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد واضح ہے پاکستان کے ہر دفتر ہر ادارے اور ہر کام کی جگہ کو محفوظ، منصفانہ اور باوقار بنانا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button