35 سالہ بھارتی ایتھلیٹ روہنی کلام نے خودکشی کرلی

نئی دہلی: بھارت کی 35 سالہ جو جسٹو ایتھلیٹ روہنی کلام اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔
پولیس کے مطابق ایشین گیمز میں بھارت کی نمائندگی کرنے والی روہنی کلام ریاست مدھیا پردیش کے شہر دیواس میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائی گئی ہیں۔
جوجسٹو ایتھلیٹ روہنی کی چھوٹی بہن روشنی نے پولیس کو بتایا کہ ’ روہنی بھارت کے شہر آشٹا میں ایک پرائیویٹ اسکول میں بطور مارشل آرٹ کوچ کام کررہی تھی‘۔
روشنی کے مطابق’ ہفتے کے روز روہنی اپنے گھر والوں سے ملنے دیواس آئی تھیں، اتوار کی صبح روہنی نے معمول کی طرح ناشتہ کیا اس کے بعد کمرے میں جا کر فون پر بات کی اور پھر دروازہ لاک کرلیا، بعد ازاں روہنی کو اپنے کمرے میں لٹکا ہوا پایا گیا جس کے بعد انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی ‘ ۔
اہل خانہ کا مزید بتانا ہے کہ روہنی اپنی ملازمت اور بار بارشادی کے پروپوزل مسترد ہونے کی وجہ سے تناؤ کا شکار تھی، خودکشی سے قبل اس کے فون پر بات کرنے کے انداز سے محسوس ہورہا تھا کہ اسے اسکول پرنسپل کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں ایتھلیٹ روہنی کلام کی موت خودکشی لگ رہی ہے ۔
دوسری جانب روہنی کی خودکشی کے وقت دونوں بہنوں کے علاوہ گھر پر کوئی بھی فرد موجود نہیں تھا۔
واضح رہے کہ روہنی کلام ابوظبی میں ہونے والی 8 ویں ایشیائی چمپیئن شپ میں بھارت کیلئے کانسی کا تمغہ جیت چکی تھیں ۔



