ڈونلڈ ٹرمپ کا وینزویلا کے خلاف جلد زمینی کارروائی کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے خلاف جلد زمینی کارروائی کرنے کا اعلان کردیا۔
وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ مختلف وجوہات کی بنیاد پر وینزویلا سے خوش نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات اسمگلرز کے خلاف اعلان جنگ کی ضرورت نہیں، جو لوگ امریکا منشیات لارہے ہیں ہم انہیں مار ڈالیں گے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ وہ سمندر کے راستے امریکا میں منشیات کا داخلہ روکنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، تاہم انہوں نے وینزویلا کے قریب بی ون بمبار طیاروں سے متعلق رپورٹس کو غلط قرار دیا۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ کولمبیا منشیات کا گڑھ بن چکا ہے اور میکسیکو کو ڈرگ کارٹیل چلارہے ہیں۔
امریکی صدر نے الزام لگایا کہ چین فینٹانائل کی اسمگلنگ کے لیے وینزویلا کو استعمال کررہا ہے، ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی خیال ظاہر کیا کہ چینی صدر کے ساتھ ملاقات کے نتائج مثبت ہوں گے۔
روسی تیل کمپنیوں پر پابندیوں سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ روس کو 6 ماہ بعد پتا چلے گا کہ پابندیوں کے کیا نتائج نکلتے ہیں۔
ایک اور سوال پر صدر ٹرمپ نے یقین ظاہر کیا کہ اسرائیل مغربی کنارے کے انضمام سے متعلق کوئی اقدام نہیں کرے گا۔



