وفاقی دارالحکومت میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 24 نئے کیسز سامنے آئے، ضلعی انتظامیہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 24 نئے کیسز سامنے آئے، ضلعی انتطامیہ کی نئی سرویلنس رپورٹ کے مطابق ہائی رسک زونز میں 934 رہائشی مقامات پر سپرے کئے گئے جبکہ 2418 پوائنٹس پر فوگنگ مکمل کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق فیلڈ ٹیموں کی جانب سے گزشتہ ایک روز میں 44 ہزار 843 مقامات کی چیکنگ مکمل کر لی گئی جس کے دوران 515 جگہوں پر لاروا پازیٹو جبکہ 3 نیگٹیو رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 24 نئے کیسز سامنے آئے ، دیہی علاقوں میں 20 جبکہ شہری علاقوں میں 4 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 64 ہوگئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق انسداد ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر ڈینگی پر مکمل قابو ممکن نہیں، شہری انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔