نئی دہلی دنیاکا آلودہ ترین شہر بن گیا، لاہور کی فضا بھی انتہائی مضر صحت قرار

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔
نئی دہلی میں دیوالی کے موقع پر کی گئی آتش بازی کے باعث فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگیا۔ دیوالی کی تقریبات سے نئی دہلی کا ائیر کوالٹی انڈیکس 772 تک پہنچ گیا۔
بھارت میں دیوالی کے تہوار سے لاہور سمیت پاکستان کے مشرقی شہروں کی فضا بھی آلودہ ہونے لگی۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور کا آج دوسرا نمبر ہے، علی الصبح شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 245 ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں اوسط اے کیو آئی 210 سے 240 تک رہنےکا امکان ہے، شہر کی فضا انسانی صحت کےلیے انتہائی مضر قرار دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کی آلودگی سے آج لاہور میں دھند اور اسموگ بڑھے گی۔ دھرمشالہ سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں گوجرانوالہ سے لاہور اور فیصل آباد کی طرف آئیں گی۔
پنجاب بھر میں تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں، اسموگ ہاٹ اسپاٹس پر اینٹی اسموگ گنز کا استعمال کیا جارہا ہے جبکہ عوام کو ماسک کا استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔