مولانا فضل الرحمان کے تحفظات ہیں جنہیں بیٹھ کر دور کرلیں گے:گورنر کے پی

ڈی آئی خان: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات ہیں تاہم انہیں بیٹھ کر دور کرلیں گے۔
جیو نیوز کے مطابق گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے پولیس ٹریننگ اسکول کا دورہ کیا جہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں پولیس کی کارکردگی قابل تعریف ہے، قیام امن کے لیے جان دینے والے پولیس اہلکاروں کے شہدا کے ورثا کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ٹریننگ اسکول حملے میں ملوث افراد کا تعلق افغانستان سے تھا، بھارت اور اسرائیل پاکستان کے خلاف سرمایہ کاری کررہے ہیں، بھارت اور اسرائیل افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کررہے ہیں۔
گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ نئے وزیراعلیٰ سے فی الحال غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے، ضم شدہ اضلاع میں آئل اور گیس کے ذخائر ہیں، او جی ڈی سی ایل والے یہاں آنا چاہتے ہیں اور یہ سب امن سے ممکن ہے۔
فیصل کریم نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی عمل پر یقین رکھتے ہیں، فضل الرحمان نے مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر سیاسی جدوجہد کی، مولاناکے تحفظات ہیں جنہیں بیٹھ کر دور کرلیں گے۔