ایف آئی اے اور گلگت بلتستان پولیس کے درمیان مالیاتی جرائم کے سدباب کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کے خاتمے اور مالیاتی جرائم کے سدباب کے لیے اپنی مربوط کوششوں کو مزید موثر بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے گلگت بلتستان پولیس کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ایم او یو پر دستخط ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (اینٹی منی لانڈرنگ وِنگ) اکبر ناصر خان اور گلگت بلتستان کے انسپکٹر جنرل آف پولیس افضل محمود بٹ نے کیے۔
معاہدے کے تحت گلگت بلتستان پولیس منی لانڈرنگ سے متعلق تمام ریفرنسز براہِ راست ایف آئی اے کے اینٹی منی لانڈرنگ وِنگ کو ارسال کرے گی جبکہ گاڑیوں کی چوری، اغوا، مالیاتی دھوکہ دہی اور دیگر سنگین نوعیت کے ایسے مقدمات جن میں منی لانڈرنگ کے عناصر شامل ہوں، خصوصی تحقیق کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کیے جائیں گے۔یہ اشتراک تفتیشی عمل کو بروقت، شفاف اور پیشہ ورانہ بنانے کے ساتھ ساتھ غیرقانونی مالیاتی رقوم کے بہاؤ کو روکنے کے قومی اقدامات کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔
ایف آئی اے اس معاہدے کے تحت گلگت بلتستان پولیس افسران کو مالیاتی تحقیقات، کیس مینجمنٹ، ریفرل نظام اور تجزیاتی تکنیکوں پر خصوصی تربیت بھی فراہم کرے گا تاکہ ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکے۔یہ اقدام ایف آئی اے کے مالی شفافیت، احتساب اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی سفارشات اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے۔