ٹرمپ اور پیوٹن کی 2 گھنٹے طویل گفتگو، یوکرین جنگ بندی پر ہنگری میں ملاقات پر اتفاق

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انکی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے فون پربات ہوئی ہے اور ان سے جلد ملاقات بھی ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی بات چیت 2 گھنٹے تک جاری رہی۔ امریکی صدر نے روسی ہم منصب سے ہونی والی گفتگو کو تعمیری اور نتیجہ خیز قرار دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روسی اور یوکرینی صدور سے الگ الگ ملاقاتیں ہو سکتی ہیں، اگلے دو ہفتے کے دوران ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں روسی صدر سے ملاقات ہوگی۔ اس ملاقات میں روس یوکرین جنگ کے خاتمے پر بات چیت ہوگی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ میں ہزاروں لوگ مارے جاچکے ہیں، روس پر پابندیوں کا فیصلہ مشاورت کے بعد کروں گا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج وائٹ ہاؤس میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے اور انہیں پیوٹن سے ہونے والی گفتگو کے بارے میں آگاہ کریں گے۔