’جتھوں کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کی جائیگی، جرم کرنے اور کروانے والوں کو بھگتنا ہوگا‘

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جتھوں کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’ آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ جنہوں نے جرم کیا ہے اور جنھوں نے کرایا ان سب کو بھگتنا پڑے گا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے مطابق جتھوں کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کی جائے گی، ان کے مطالبات تھے کہ قتل اور سنگین جرائم میں گرفتار ان کے لوگ رہا کیے جائیں۔
ایک سوال کے جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ چھاپے میں کروڑوں روپے نقدی، سونا اور 70 گھڑیاں برآمد ہوئیں، مطلب یہ سب ان کے ذاتی فائدےکیلئے تھا، ان کا مطالبہ تھا کہ جو کیش اور سونا برآمد کیا گیا واپس کیا جائے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے مزید کہا کہ غزہ امداد بھیجنے سے متعلق ان کا کوئی مطالبہ نہیں تھا۔