مریم نواز کو انہی کے لہجے میں جواب دیا تو یہ ان کیلئے بھی مناسب نہیں ہوگا، قمر زمان کائرہ

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو ان ہی کہ لہجے اور الفاظ میں جواب دیا تو مریم نواز کے لیے بھی مناسب نہیں ہوگا۔
قمر زمان کائرہ نے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کے لہجے اور باتوں کو افسوس ناک قرار دیا۔
ان کاکہنا تھا کہ ہمارے لہجوں کے ساتھ تعلقات بھی تلخ ہوجائیں گے، پیپلز پارٹی کا مقصد کسی کی ناک رگڑوانا نہیں ہے، نہیں چاہتے یہ معاملہ ہاتھ سے نکل جائے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم حکومت کو کسی مہم میں نہیں ڈالنا چاہ رہے، حکومت بناتے وقت ہمارے ساتھ جو معاہدہ کیا گیا تھا اس کی کئی شقیں پنجاب حکومت نے نہیں مانیں۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدے کی شقوں پر بھی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔
ادھر مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی گفتگو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ناگوار گزری تھی، پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بات کی گئی۔
انہوں نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے اپنی ذمے داری ادا کرتے ہوئے بلاول کی بات کا جواب دے دیا۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس میں جو گفتگو کی، ن لیگ کو اس پر اعتراض ہے ، بلاول بھٹو زرداری کی دی گئی تجاویز سے ایسا لگا جیسے وہ کہہ رہے ہوں کہ ہم ٹھیک کام نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ جس دن آصف علی زرداری، شہباز شریف یا نواز شریف کی سطح پر بات ہوگی، اُس دن یہ سب ختم ہوجائے گا۔



