وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی ملاقات، پاکستان میں جاری پروگرامز پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان میں اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر و ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ سے ملاقات کی۔منگل کووزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران محمد یحییٰ نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ اس وقت اقوامِ متحدہ کے 24 ادارے پاکستان میں کام کر رہے ہیں جن کی اولین ترجیح پاکستان کی ترقی و استحکام کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
وفاقی وزیرِ اور اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کے درمیان اقوامِ متحدہ کے پاکستان میں جاری بڑے پیمانے پر پروگرامز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس دوران ان پروگرامز کے دائرہ کار، عمل درآمد کی حکمتِ عملی، اثرات اور مستقبل کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ موسمیاتی موافقت، نقصانات میں تخفیف اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
محمد یحییٰ نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوامِ متحدہ پاکستان کے موسمیاتی ایجنڈے کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور حکومتِ پاکستان کے ساتھ قریبی اشتراکِ عمل کے ذریعے ماحولیاتی پائیداری کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھائے گا۔وفاقی وزیرڈاکٹر مصدق ملک نے اقوامِ متحدہ کی مسلسل شراکت داری کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومتِ ایسے اشتراکی ڈھانچوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے جن سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ کمیونٹیز کے لیے ٹھوس اور نمایاں نتائج برآمد ہوں۔



