آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کا وارم اپ مرحلہ 25 ستمبر سے شروع ہوگا،پاکستان کی خواتین ٹیم سری لنکا کے خلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی

انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن سے قبل وارم اپ مرحلہ 25 ستمبر سے شروع ہوگا۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق میگا ایونٹ سے قبل وارم اپ مرحلے کے ابتدائی روز25ستمبر کو چار میچ کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کی خواتین ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 25 ستمبر کو سری لنکن ویمنز ٹیم کے خلاف کھیلے گی جو کولمبو کرکٹ کلب رائونڈ ،کولمبو میں کھیلا جائے گا۔وارم اپ مرحلے کا پہلا میچ بھارت اور انگلینڈ کی خواتین ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا،دوسرا وارم اپ میچ جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ سری لنکا اور پاکستان کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ 25 ستمبر کو چوتھا اور آخری میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا اے ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اسی طرح 27 ستمبر کو مزید تین وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے ۔27 ستمبر کو پہلا وارم اپ میچ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، دوسرا میچ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ 27 ستمبر کو تیسرا اور آخری وارم اپ میچ سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 28 ستمبر کو دو وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے ۔
پہلا میچ جنوبی افریقا اور بھارت اے ویمنز ٹیموں کے درمیان جبکہ دوسرا اور وارم اپ مرحلے کا نواں اور آخری میچ پاکستان اور سری لنکا اے ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے تحت ویمنز ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن کا باضابطہ آغاز 30 ستمبر سے ہوگاجس میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔میگا ایونٹ میں شامل 8ٹیموں میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا،بنگلہ دیش،انگلینڈ،میزبان بھارت اور سری لنکا،نیوزی لینڈ،پاکستان اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔