ریاست ہرسال سیلاب میں قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی، فیلڈ مارشل

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیلاب متاثرین کی دوبارہ آبادکاری اور بحالی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ریاست ہرسال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قصور سیکٹر اور جلالپور پیر والا ملتان میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیلاب کی موجودہ صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب اور سول انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی آرمی چیف کے ہمراہ موجود تھے، آرمی چیف کو زمینی صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی، آرمی چیف نے سیلاب متاثرین کے مسائل حل کرنے میں سول اور فوجی اداروں کے تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا اور سول انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے اچھی طرزِ حکمرانی اور عوام دوست ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا عوام کو بار بار آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے درکار تمام ضروری اقدامات، انفرا اسٹرکچر کی ترقی کو تیز کیا جانا چاہیے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے تمام اقدامات کی حمایت کے حوالے سے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔
آرمی چیف سید عاصم منیر نے محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے سیلاب متاثرین سے بھی ملاقات کی اور متاثرین کو دوبارہ آبادکاری اور بحالی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
فیلڈ مارشل نے ریلیف آپریشنز میں مصروف فوجی جوانوں، ریسکیو 1122کے اہلکاروں اور پولیس افسروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے، تیاری اور انتہائی مشکل حالات میں قوم کی خدمت کے جذبے کو سراہا۔