کوتاہیاں ہوتی ہیں مگر ہم اپنے کام سے مطمئن ہیں: وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی انتظامیہ اور حکومت کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کل میں نے دیکھا بہت سے برساتی مینڈک نکل آئے اور بیانات دیے، ان سے کہتاہوں اتنی تقسیم پیدا نہ کریں اور باز رہیں، مسائل ضرور ہیں مگر انتظامیہ متحرک ہے، ہم اپنے کام سے مطمئن ہیں، کوتاہیاں ہوتی ہیں مگر غلط افواہیں دینا درست نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے3 دن بارش میں انتظامیہ متحرک رہی، میرا نہیں خیال ایسی مثال کہیں اور ملتی ہے، 19 اگست کو ہونے والی بارشوں کی پیش گوئی نہیں تھی، ہماری غلطی یہ تھی کہ ہمیں لوگوں کو آگہی دینا چاہیے تھی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم سے غلطی یہ ہوتی ہے کہ بارش ہوتے ہی ہم فوری گھر کے لیے نکل پڑتے ہیں، 19 اگست کو لوگ دفاتر سے جلدی نکل پڑےاور بارش کے پانی کے باعث گاڑیاں بند ہوئیں، بارش کا پانی کلیئر کرنے میں 2 سے ڈھائی گھنٹے لگتے ہیں اس لیے فوری گھروں کے لیے نہ نکلیں۔
وزیراعلیٰ نےمزید کہا کہ سعدی ٹاون اور سعدی گارڈن سے پانی گزارنے کےلیے نالہ بنایا ہے پر اس میں بھی مسائل ہیں جب کہ ایم نائن پر ہمیں نالے کی گزرگاہ بنانے کی اجازت نہیں، ہم نے ایم نائن انتظامیہ کو بنانے کا کہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جلد چاروں وزرائےاعلیٰ کو بلائیں گےاور کلائمٹ ایمرجنسی پر بات کریں گے، پورے ملک میں سیلابی صورتحال ہے، وفاقی حکومت نے ابھی تک عالمی سطح پر اپیل نہیں کی، بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہمیں عالمی سطح پر مدد کی اپیل کرنا چاہیے۔