صحافی پر تشدد کا واقعہ، بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے معذرت کرلی

راولپنڈی: اڈیالا جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے صحافی پر تشدد کے واقعے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے صحافیوں سے معذرت کرلی۔
اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو ہوا غلط ہوا، اس پر افسوس ہے، ہم اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرےسےاختلاف پر بات تشدد تک نہیں پہنچنی چاہیے، پی ٹی آئی کسی قسم کے تشدد پر یقین نہیں رکھتی اور نا ہی ہم کسی صورت کسی کو تشدد پر نہیں اکساتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عمران خان کی فیملی اور بشریٰ بی بی کی فیملی کےکوئی سیاسی مقاصد نہیں، علیمہ خان پر انڈا پھینکنے اور صحافیوں پر تشدد کے واقعےکی پارٹی سطح پرانکوائری کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور افغان حکومت سے ضروربات کرتے مگر ان کا پاسپورٹ3سال سے بلاک ہے۔
واضح رہے کہ دو روزقبل پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے علیمہ خان کی میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
بعد ازاں صحافی نے علیمہ خان، نعیم پنجوتھہ اور 40 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرایا۔