غزہ میں مظالم: برطانیہ کا اسرائیلی حکام کو دفاعی نمائش میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ

برطانیہ نے اسرائیلی حکام کو لندن میں ہونے والی دفاعی نمائش میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ تنازع پر برطانیہ اور اسرائیل کے درمیان بگڑتے ہوئے سفارتی تعلقات کے تناظر میں اسرائیلی سرکاری نمائندوں کو لندن Arms Fair میں مدعو نہیں کررہے۔
برطانوی حکام نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ غلط ہے، فوری سیز فائر اور سفارتی حل کے ساتھ اس جنگ کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
برطانوی حکام کے مطابق سرکاری حکام کو مدعو نہ کیے جانے کے باوجود اسرائیلی دفاعی کمپنیاں اس ایونٹ میں شرکت کر سکیں گی۔
لندن میں9 ستمبرسے شروع ہونے والا آرمز فیئر 12ستمبر تک جاری رہےگا۔
واضح رہے کہ غزہ میں تقریباً 2 سال سے جاری اسرائیلی حملوں میں 62 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور ایک لاکھ 50 ہزار زخمی ہوئے۔