قومی

سیلاب متاثرین کو خیمے اور ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں، این ڈی ایم اے کے پیشگی اطلاع کے نظام سے انخلاء کا کام آسان ہوا، ریلیف اقدامات کے بعد نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا، وفاقی وزیرعطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے کی طرف سے سیلاب متاثرین کو خیمے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں، تمام حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں، این ڈی ایم اے کے پیشگی اطلاع کے نظام سے انخلاء کا کام آسان ہوا ہے، نیشنل رسپانس میں تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، ریلیف اقدامات کے بعد نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا، وزیراعطم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔ وہ بدھ کے روز ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ شب پنجاب کے تین دریائوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، این ڈی ایم اے نے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو مکمل طور پر آگاہ رکھا اور مسلسل رابطے میں رہی۔ انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا، دریائے چناب میں مرالہ اور مرالہ سے ہیڈ خانکی کی طرف پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، خانکی کے مقام پر پانی کا بہائو دس لاکھ کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے جو اب قادر آباد کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مقامی حکام اور ضلعی انتظامیہ کو انخلاء کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے پیشگی اطلاع فراہم کر دی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں بروقت اطلاع رسانی جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلابی صورتحال پر آج اجلاس کی صدارت بھی کی، وزیراعظم نے پیشگی اطلاع کے نطام کو مزید موثر بنانے اور ریلیف سرگرمیوں کو تیز کرنے اور صوبہ پنجاب کو درکار اشیاء فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے کی طرف سے خیمے اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کی صورتحال نسبتاً بہتر ہے تاہم تمام حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت اور این ڈی ایم اے مشترکہ طور پر صورتحال سے نمٹ رہی ہیں۔

وزیراعظم اس معاملے پر مسلسل آگاہ ہیں اور آج کے اجلاس میں تینوں دریائوں کی صورتحال اور آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کی موسمی پیشنگوئی پر بھی انہوں نے بریفنگ لی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعطم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیشگی اطلاع کا نظام انتہائی کارآمد ثابت ہوا ہے جس کے نتیجے میں بروقت انخلاء ممکن ہوا۔ این ڈی ایم اے گزشتہ کئی ہفتوں سے صوبوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، وزیراعظم این ڈی ایم اے کی تیاریوں اور صوبوں سے کوآرڈینیشن کی مسلسل اپ ڈیٹ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ یہ نیشنل رسپانس ہے، اس میں پاک فوج اور تمام ادارے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا اور متاثرین کی بحالی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اہم پہلو یہ بھی ہے کہ دریائی علاقوں میں لوگ آبادیاں قائم کرلیتے ہیں، اس پر انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ دریائی علاقوں میں تعمیرات کی اجازت نہ دی جائے۔ قادر آباد کے علاقے میں انخلاء ناگزیر ہے اور مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔ پی ڈی ایم اے کو مکمل سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے اور صورتحال کو نیشنل رسپانس کے تحت مربوط انداز میں ڈیل کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button