وزیراعظم سیلاب کی صورتحال سےسے مکمل آگاہ ہیں، وزیراعظم نے دریائے ستلج اور دیگر متاثرہ مقامات سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے، وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعطم محمد شہباز شریف مون سون بارشوں کے بعد سیلاب کی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، وفاقی حکومت صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، وزیراعظم نے دریائے ستلج اور دیگر متاثرہ مقامات پر متاثرین کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و بحالی کی سرگرمیوں سے متعلق جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی مصدق ملک اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مون سون بارشوں کے بعد سیلاب کی صورتحال کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی اور تمام ڈیموں اور دریائوں میں پانی کے بہائو سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز سمیت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی نمائندے بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اجلاس میں آئندہ دنوں میں موسم کی صورتحال کے پیش نظر ریلیف و ریسکیو اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ اس حوالے سے بہت سی کوششیں جاری ہیں۔ وفاقی حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ وزیراعظم صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے احکامات جاری کئے ہیں کہ مزید موثر اقدامات اٹھائے جائیں، دریائے ستلج اور دیگر مقامات جہاں پانی کے بہائو میں اضافہ ہوا ہے، وہاں مقامی آبادی کو فوری طور پر ریلیف کیمپوں میں منتقل کر کے ان کی مکمل دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔