پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے سفیرحماد عبید ابراہیم الزابی سے گفتگو

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیرحماد عبید ابراہیم الزابی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے امارات کے سفیر کو پاکستان میں اپنی مدت ملازمت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات تعلقات کی مضبوطی کے لیے ان کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین قریبی تعلقات استوار کرنے میں کردار پر ان کی قیادت کو سراہا۔انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک نے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے دورے، پاکستان-یو اے ای کے مشترکہ وزارتی کمیشن اور حال ہی میں ایک باضابطہ آپریشنل ڈیوٹی پاسپورٹ۔ ہولڈرز معاہدے پر دستخط کرنا شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد از جلد شیخ محمد بن زید النہیان کے پاکستان کے سرکاری دورے کے منتظر ہیں، اس سے دونوں فریقین کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے الوداعی ملاقات پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان میں اپنے نو سالہ قیام کے دوران حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کی طرف سے ملنے والی حمایت اور دوستی کے بے حد مشکور ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان دوستی کے خصوصی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مضبوط تعلقات کے لیے کام کرتے رہیں گے۔