اسلامی تعاون تنظیم کا اقوام متحدہ میں اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ

اسرائیلی افواج کی طرف سے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کے جرائم کے پیش نظر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی اقوام متحدہ کی رکنیت کی مطابقت کا مطالعہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل رکنیت کی شرائط کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ العربیہ کے مطابق انہوں نے اقوام متحدہ میں اسرائیل کی رکنیت کو معطل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔
او آئی سی کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر قبضے اور مکمل فوجی کنٹرول کے اعلان اور کسی بھی بہانے سے فلسطینی عوام کو بے گھر کرنے کی کسی بھی سازش کو سختی سے مسترد کردیا اور اس کی شدید مذمت کی۔او آئی سی کے وزرائے خارجہ نے اسرائیلی وزیر اعظم کے ان غیر ذمہ دارانہ اور متکبرانہ بیانات کو بھی سخت الفاظ میں مسترد کردیا جن میں وہ "گریٹر اسرائیل” کے تصور کا ذکر کرتے ہیں۔
ان بیانات کو انتہا پسندی، اشتعال انگیزی اور ممالک کی خودمختاری پر حملہ قرار دیا گیا جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی اور علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ نے اسے ایک خطرناک اور ناقابل قبول شدت قرار دیا جو غیر قانونی قبضے کو مضبوط کرنے اور طاقت کے ذریعے حقائق مسلط کرنے کی کوشش ہے۔