عالمی

ایران اور یورپی طاقتوں کے درمیان جوہری مذاکرات منگل کو جنیوا میں ہوں گے

ایران اور یورپی ممالک کے درمیان جوہری مذاکرات (کل) منگل کو جنیوا میں ہوں گے۔اے ایف پی کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ ایران اور برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے درمیان جوہری مذاکرات کیلئے نائب وزرائے خارجہ کی سطح کا نیا دور کل ہو گا جس میں یورپی یونین بھی شامل ہوگی ۔ایران اور اسرائیل کے درمیان رواں سال جون میں ہونے والی 12 روزہ جنگ کے بعد ایران اور یورپی طاقتوں کا یہ دوسرا اجلاس ہے جبکہ گزشتہ اجلاس 25 جولائی کو استنبول میں ہوا تھا۔

ایران نے جنگ کے بعد عالمی جوہری ادارے آئی اے ای اے سے تعاون معطل کر دیا اور مؤقف اپنایا کہ ادارہ ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کی مذمت میں ناکام رہا۔یورپی ممالک نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران یورینیم افزودگی محدود کرنے اور آئی اے ای اے انسپکٹرز کے ساتھ تعاون بحال کرنے پر آمادہ نہ ہوا تو وہ سنیپ بیک میکنزم فعال کر سکتے ہیں جس کے تحت اقوام متحدہ کی وہ پابندیاں دوبارہ نافذ ہو جائیں گی جو 2015 کے معاہدے کے تحت ختم کی گئی تھیں۔ ایران نے اس شق کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ یورپی فریقین خود بھی معاہدے کی پاسداری نہیں کر سکے ۔

یاد رہے کہ 2015 میں ایران نے برطانیہ، فرانس، جرمنی، چین، روس اور امریکا کے ساتھ جوائنٹ کمپری ہینسو پلان آف ایکشن پر دستخط کیے تھے تاہم 2018 میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں امریکا نے یکطرفہ طور پر معاہدے سے علیحدگی اختیار کی اورایران کے خلاف سخت اقتصادی پابندیاں بحال کر دیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button