آسٹریلیا کا پروٹیز پر تاریخی وار ، 276 رنز سے شکست ، ایک روزہ کرکٹ کی سب سے بھاری ناکامی

آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو 276 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں پروٹیز کو سب سے بھاری ناکامی سے دوچار کر دیا۔ ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، کیمرون گرین اور کوپر کونولی نے آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اگرچہ یہ میچ آسٹریلیا نے یکطرفہ انداز میں جیت لیا لیکن تین میچوں کی سیریز 1ـ2 سے جنوبی افریقہ کے نام رہی۔
گزشتہ روز گریٹ بیریئر ریف ایرینا، میکے میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹریوس ہیڈ، مچل مارش اور کیمرون گرین کی شاندار سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 431 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ تریوس ہیڈ نے 142 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔
کیمرون گرین نے طوفانی اننگز کھیلی اور صرف 55 گیندوں پر 8 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 106 رنز بنائے جبکہ کپتان شان مارش نے بھی 100 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ ایلیکس کیری 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم بڑے ہدف کا تعاقب نہ کر سکی اور پوری ٹیم 24.5 اوورز میں 155 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ جنوبی افریقن بیٹر شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہے اور وقفے وقفے سے آئوٹ ہوتے رہے۔
ڈیوالڈ بریوس 49 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ایڈن مارکرم 2، ریان ریکلٹن 11، کپتان تیمبا بووما 19، ٹونی ڈی ذورزی 33، ٹرسٹن سٹبز ایک، ویان مولڈر 5 اور کاربن بوش 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے نوجوان اسپنر کوپر کونولی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ایک روزہ کرکٹ میں پانچ وکٹیں لینے والے سب سے کم عمر آسٹریلوی باؤلر بن گئے۔ ٹریوس ہیڈ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔