کھیلوں کی دنیا

نیدرلینڈز کا بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان، وکرم جیت سنگھ کی ٹیم میں واپسی

نیدرلینڈز نے بنگلادیش کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، رائل ڈچ کرکٹ ایسوسی ایشن (آرڈی سی اے)کے مطابق بائیں ہاتھ کے اوپنر وکرم جیت سنگھ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وکرم جیت نے آخری بار جون میں گلاسگو میں کھیلی گئی ٹرائی سیریز میں شرکت کی تھی، جبکہ وہ حالیہ ٹی -20 ورلڈ کپ کوالیفائرز میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔وکرم جیت کے ساتھ ساتھ لیگ سپنر شارز احمد اور بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر بین فلیچر کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

شارز احمد نے آخری بار مسقط میں نیدرلینڈز کی نمائندگی کی تھی۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز فریڈ کلاسن اور سپنر ٹم پرنگل کی بھی ٹی-20فارمیٹ میں واپسی ہوئی ہے، دونوں کھلاڑی 2024 میں آخری بار مختصرفارمیٹ میں نظر آئے تھے۔تجربہ کار آل راؤنڈرز باس ڈی لیڈے اور رولوف وین ڈر میروا سیریز سے باہر ہیں، جنہوں نے ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ بیٹر مائیکل لیوٹ، زیک لیون کاشے اور ہِدے اوورڈائیک بھی سکواڈ میں شامل نہیں کیے گئے۔ ٹیم کی قیادت ایک بار پھر کپتان سکاٹ ایڈورڈز کریں گے جبکہ بیٹنگ لائن میں میکس او ڈاؤڈ اہم کردار ادا کریں گے، جنہوں نے کوالیفائرز میں سب سے زیادہ رنز بنائے تھے۔ فاسٹ باؤلر کائل کلائن جنہوں نے 7 وکٹیں حاصل کی تھیں، کو بھی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے ۔

ان کے ساتھ پال وین میکرن اور آریان دت بھی موجود ہیں۔سیریز کے تمام میچز بنگلادیش کے شہر سلہٹ میں بالترتیب 30 اگست، 1 اور 3 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ ماہرین کی نظر مایہ ناز سپنر شارز احمد پر ہے، جن کی کارکردگی ان کنڈیشنز میں ٹیم کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لئے نیدرلینڈز کے اعلان کردہ سکواڈ میں سکاٹ ایڈورڈز (کپتان ) نوح کروس، میکس اوڈاؤڈ، وکرم جیت سنگھ، تیجا ندامانورو، ساقب ذوالفقار، ریان کلین، کائل کلین، آریان دت، پال وین میکرن، شارز احمد، بین فلیچر، ڈینیئل ڈورام، فریڈ کلاسن اور ٹم پرنگل شامل ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button