کھیلوں کی دنیا

پی سی بی کا انڈر19وایمرجنگ ویمن کرکٹرز کے ٹرائلز کا شیڈول جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انڈر19 اور ایمرجنگ وویمن کرکٹرز کے ٹرائلز کا شیڈول جاری کردیا ہے جو21 اگست سے ملک بھر کے آٹھ شہروں میں منعقد ہوں گے، یہ ٹرائلز دو ہفتوں پر مشتمل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا حصہ ہیں۔ ہفتہ کو ترجمان پی سی بی کے مطابق انڈر 19 ٹرائلز میں وہ کھلاڑی شرکت کی اہل ہوں گی جن کی تاریخ پیدائش یکم ستمبر 2006 یا اس کے بعد کی ہو جبکہ ایمرجنگ کھلاڑیوں کے لیے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں ،انڈر19 کے لیے کم از کم عمر 12 سال رکھی گئی ہے۔

بورڈ نے واضح کیا ہے کہ ٹرائلز کے ذریعے منتخب ہونے والی کھلاڑیوں کو رہنمائی اور تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ستمبر و اکتوبر میں شیڈول چار ٹیموں پر مشتمل ویمنز انڈر19 ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع بھی دیا جائے گا، ٹورنامنٹ کے بعد پاکستان انڈر 19 ویمنز اسکواڈ تشکیل دیا جائے گا جو رواں برس کے آخر میں بنگلادیش کا دورہ کرے گا۔ ترجمان کے مطابق ٹرائلز 21 اگست کو حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شروع ہوں گے جس کے بعد 25 اگست کو ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور،26 اگست کو راولپنڈی اور 27 اگست کو پشاور میں ٹرائلز ہوں گے،28 اگست کو بیک وقت مردان اور کوئٹہ جبکہ2 اور3 ستمبر کو بالترتیب ملتان اور بہاولپور میں ٹرائلز منعقد کیے جائیں گے۔

قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی میں سابق ویمن کرکٹر بتول فاطمہ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق شامل ہیں جو ٹرائلز کی نگرانی کریں گے جبکہ مقامی کوچز بھی معاونت فراہم کریں گے۔پی سی بی نے تمام کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ ٹرائلز میں شرکت کے لیے ب فارم، شناختی کارڈ یا نادرا کا جاری کردہ پیدائشی سرٹیفیکیٹ ہمراہ لائیں۔

 

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button