پاکستان کو موجودہ معاشی چیلنجوں سے نکالنے اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے قومی اتحاد ضروری ہے، آئی سی سی آئی

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ معاشی چیلنجوں سے نکالنے اور اسے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے قومی اتحاد بہت ضروری ہے۔آئی سی سی آئی کے رہنمائوں نے اپنے مشترکہ بیان میں اس بات پر زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ایک ایسا اجتماعی وژن اپنایا جائے جو دنیا کو یہ واضح پیغام دے کہ قوم پاکستان کی خاطر متحد ہے۔سیاسی جماعتوں، سٹیک ہولڈرز اور سول سوسائٹی کو میثاق استحکام پاکستان میں شمولیت کی دعوت دینے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو سراہتے ہوئے آئی سی سی آئی کی قیادت نے اسے اتفاق رائے کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایک بروقت اقدام قرار دیا ہے۔
آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ یہ اقدام ایک مفاہمت پسند شخصیت کے طور پر وزیر اعظم کی شہرت کی عکاسی کرتا ہے جو انتہائی ضروری سیاسی استحکام کی بنیاد رکھنے کی تمام تر صلاحیت رکھتا ہے اور ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونے کے لیے بہت ضروری ہے۔سینئر نائب صدر عبدالرحمٰن صدیقی نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ملک کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں۔نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے مسابقتی اور پرکشش مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے سیاسی اور معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ طویل المدتی اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔