قومی

ملک بھر میں آج 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

پاکستان کا اٹہتر واں یوم آزادی اور معرکہ حق میں فتح کا جشن ملک بھر میں ملی جوشِ و جذبے سے منایا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، شہریوں نے نماز فجر میں ملک کی ترقی، خوشحالی اور یکجہتی کی خصوصی دعائیں مانگیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، کیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

پرچم کشائی کی تقریب

پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا شریک ہوئے۔

پرچم کشائی کی تقریب میں اسکولوں کے بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ علاقائی لباس میں ملبوس بچوں نے وزیراعظم کو پاکستان مونومنٹ آمد پر پھول پیش کیے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی، یادگار پاکستان پر پھول رکھے اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی، پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر ملی جوش و جذبے سے قومی ترانہ پڑھا گیا۔

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی

کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال تھے، جبکہ پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹیننٹ سمیع اللہ نے سر انجام دیے، کیڈٹس کی جانب سے شاندار مارچ پاسٹ اور پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں سال یوم آزادی کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے، پاکستان میں رات 12 بجتے ہی ملک کے چھوٹے، بڑے شہروں میں یوم آزادی کا بھرپور طریقے سے استقبال کیا گیا۔

شہری سڑکوں پر اُمڈ آئے، فضا ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھی، چھوٹی بڑی ریلیوں اور مختلف ثقافتی شوز کا انعقاد کیا گیا، شہریوں نے ملی نغموں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button