کھیلوں کی دنیا

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا میچ آج ہوگا

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ آج کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے ون ڈے میں پاکستان، دوسرے میں ویسٹ انڈیز کامیاب ہوا۔

پاکستانی وقت کے مطابق سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ آج شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف گذشتہ31سال میں دس ون ڈے انٹر نیشنل سیریز میں فتح حاصل کر رکھی ہے۔

دوسری جانب ایشیا کپ اور سہ فریقی سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے افغانستان اور یو اے ای کے خلاف آئندہ ماہ سہ ملکی سیریز کے ساتھ ساتھ ایشیا کپ 2025 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔

یوا ے ای میں سہ فریقی سیریز کے لیے ٹیم میں چند تبدیلیوں کا امکان ہے، فاسٹ بولر سلمان مرزا اور آل راؤنڈر احمد دانیال کی واپسی کا امکان ہے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سینئر فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو سیریز کے دوران ورک لوڈ مینجمنٹ کے لیے آرام دیا جاسکتا ہے اور انہیں ایشیا کپ میں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔

اسکواڈ میں معمول کے 15 کی بجائے 16 کھلاڑی شامل کیے جانے کا امکان ہے، حتمی فیصلے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔

اوپننگ بلے باز فخر زمان کو آئندہ سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ دونوں کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ وہ اس وقت ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والی ٹیم میں انجری کی وجہ سے شامل نہیں۔

آل راؤنڈر اور ٹی 20 کے نائب کپتان شاداب خان کی سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ دونوں میں شرکت کا امکان نہیں ہے کیونکہ وہ سرجری کے بعد اپنی بحالی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی، پاکستان اپنی مہم کا آغاز 29 اگست کو افغانستان کے خلاف مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے کرے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button