کھیلوں کی دنیا

پاک، ویسٹ انڈیز دوسرا ون ڈے میچ، بارش کی بار بار مداخلت

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جا رہا دوسرا ون ڈے میچ بارش کی بار بار مداخلت کے باعث چوتھی بار روکا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹرینیڈاڈ میں برائن لارا اسٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ون ڈے میچ میں بارش کی بار بار انٹری کے باعث میچ متاثر ہو رہا ہے اور چوتھی بار میچ کو روکا گیا ہے۔

اب تک 33.5 اوورز میں پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنا لیے ہیں۔ پہلے میچ کے ہیرو حسن نواز 17 اور محمد نواز 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

آج میچ میں ویسٹ انڈین کپتان شائی ہوپ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا۔ کیریبئن بولرز نے ابتدا میں دو وکٹیں لے کر پاکستان پر دباؤ بڑھا دیا جس کے نتیجے میں قومی بلے بازوں کی رنز بنانے انتہائی سست ہو گئی۔

پاکستانی اوپنرز نے 37 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اس موقع پر صائم ایوب 23 رنز بنا کر جیڈن سیلز کی وکٹ بن گئے۔ بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے۔ سیلز نے انہیں رنز کا کھاتہ کھولنے کا موقع بھی فراہم نہیں کیا اور وہ تین گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

کپتان محمد رضوان نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی اور 13 ویں گیند کھیل کر پہلا رنز بنایا۔ قومی کپتان نے سست ترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 38 گیندوں پر صرف 16 رنز بنا کر چلتے بنے۔

عبداللہ شفیق 26 اور حسین طلعت 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سلمان علی آغا صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

اس وقت کریز پر حسین نواز پاکستان کی آخری امید ہیں۔ اگر گزشتہ میچ کی طرح ان کا بلا چلا اور ٹیل اینڈرز نے بھی ان کا ساتھ دیا تو پاکستان حریف ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے قدرے بہتر ہدف دے سکتا ہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جڈیا بلیڈز، شمر جوزف، گوڈاکیش موتی اور روسٹن چیز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر رکھا ہے۔

آج کے میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں تین جب کہ ویسٹ انڈیز نے ایک تبدیلی کی ہے۔
گرین شرٹس نے فہیم اشرف، نسیم شاہ اور سفیان مقیم کو ڈراپ کر کے حسن علی، ابرار احمد اور محمد نواز کو فائنل الیون میں شامل کیا ہے۔

میزبان ویسٹ انڈیز نے مڈل آرڈر بلے باز روماریو شیفرڈ کی جگہ جیسٹن گریوز کو موقع دیا گیا ہے۔

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے ہرایا تھا۔ آج کا میچ جیت کر گرین شرٹس سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ سیریز ویسٹ انڈیز کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ میزبان ٹیم اگر سیریز ہاری تو اس کے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی اور میگا ایونٹ کھیلنے امیدوں کو دھچکا لگ سکتا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button