کراچی میں جدید طرز کا ریلوے اسٹیشن 10 ستمبر کو افتتاح کے لیے تیار ہو جائے گا

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ 10 ستمبر کو کراچی میں جدید ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق حنیف عباسی نے فیصل آباد ریلوے سٹیشن کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان ریلوے آپریشنز کو جدید بنانے کے لیے ملک بھر میں مختصر اور طویل المدتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ سندھ حکومت کے ساتھ معاہدے کے تحت روہڑی ریلوے اسٹیشن کو لاہور ماڈل پر اَپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ کراچی میں جدید طرز کا اسٹیشن 10 ستمبر کو افتتاح کے لیے تیار ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سبی تا روہڑی 250 کلومیٹر سیکشن اور روہڑی تا کراچی 480 کلومیٹر ٹریک کی فزیبلٹی رپورٹ آئندہ دو ماہ میں مکمل ہو گی جس کے بعد اگلے سال جون تک تعمیر کا آغاز متوقع ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی ڈیجیٹلائزیشن کے تحت ٹکٹنگ سسٹم مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے، ٹرین ٹریکنگ سسٹم فعال ہے، بڑے اسٹیشنز پر اے ٹی ایم مشینیں نصب کر دی گئی ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے تعاون سے صوبے کے 40 ریلوے اسٹیشنز پر وائی فائی سروس فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ لاہور میں اس کا آغاز ہو چکا ہے اور جلد کراچی، حیدرآباد، فیصل آباد اور دیگر شہروں تک یہ سہولت توسیع پائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آؤٹ سورسنگ کا عمل 30 ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے تحت نو سے گیارہ مسافر ٹرینیں، فریٹ ٹرینز، مہمان خانے، خصوصی سلونز، اسپتال، اسکولز اور دیگر سہولیات نجی شعبے کے حوالے کی جا رہی ہیں تاکہ سروسز کے معیار میں بہتری اور ادارے کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہو۔
اس کے علاوہ شاہدرہ تا رائیونڈ تک لینیئر پارک کی تعمیر کا کام شروع ہوگیا ہے جسے 2 ارب 35 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، اسی طرح کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ٹیکسلا اسٹیشنز کی اپ لفٹ اور بلوچستان میں شیخ زید سے کچلاک تک 50 کلو میٹر سیکشن کی اَپ گریڈیشن بھی شامل ہے۔