ایران کا حزب اللہ کو غیرمسلح کرنے کے فیصلے کی مخالفت کا اعلان

تہران: ایران نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرنے کا اعلان کردیا۔
مشیر ایرانی سپریم لیڈر علی اکبر ولایتی کا کہنا ہے کہ ایران، حزب اللہ کے عوام اور مزاحمت کی ہمیشہ حمایت کرتا رہا ہے، حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی کوشش امریکی و اسرائیلی مداخلت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی لبنان مخالف منصوبے ناکام ہوئے، یہ منصوبہ بھی کامیاب نہیں ہوگا۔
چند روز قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا منصوبہ ناکام ہو جائے گا، ہم حزب اللہ کے اپنے ہتھیار نہ ڈالنے کے موقف کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی کوشش کوئی نیا معاملہ نہیں ہے، ماضی میں بھی ایسی کوششیں ہو چکی ہیں اور ان کی وجوہات سب پر عیاں ہیں، کیونکہ میدانِ جنگ میں مزاحمتی ہتھیاروں کی افادیت ثابت ہو چکی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل کی پُر عزم قیادت اور شدید لہجے میں جاری کردہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ جماعت دباؤ کے سامنے جھکنے والی نہیں۔
عباس عراقچی نے واضح کیا کہ حزب اللہ کی صفوں کو ازسرِنو منظم کیا جا چکا ہے اور یہ گروہ اپنی حفاظت کے لیے درکار تمام صلاحیت رکھتا ہے۔