پی سی بی کے چیف کیوریٹر ٹونی ہیمنگ مستعفی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف کیوریٹر ٹونی ہیمنگ مستعفی ہوگئے۔
ٹونی ہیمنگ کو جولائی 2024 میں چیف کیوریٹر کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، ان کے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان 2 سال کا معاہدہ ہوا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹونی ہیمنگ متعدد بار سہولیات نہ ملنے کی شکایت کرچکے تھے۔
انہوں نے جولائی 2024 میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سے معاہدہ ختم ہونے کے بعد پی سی بی کو جوائن کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹونی ہیمنگ کی بنگلادیش کرکٹ بورڈ سے دوبارہ بات چیت ہوچکی ہے۔
انہوں نے گزشتہ سال بنگلادیش اور انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئئن شپ میچوں کے لیے پچز تیار کیں۔
ہیمنگ نے 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں منعقد ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی بھی پچز تیار کیں۔
وہ تقریباً چار دہائیوں کے تجربے کے ساتھ ایک انتہائی معزز کیوریٹر ہیں۔
انہوں نے آسٹریلیا کے مختلف مشہور کرکٹ گراؤنڈز بشمول میلبورن، پرتھ اور تسمانیہ کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک میں کام کیا ہے جہاں وہ دبئی میں 2007 سے 2017 تک آئی سی سی کے ہیڈ کیوریٹر رہے۔
آئی سی سی کے ساتھ اپنے وقت کے دوران، ہیمنگ نے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پچ کی تیاری کی بھی نگرانی کی جو 2009 اور 2019 کے درمیان پاکستان کے ہوم وینیوز میں سے ایک تھا۔