نریندر مودی کی انتخابی جیت پر راہول گاندھی نے سوال اُٹھا دیا

بھارت میں پچھلے انتخابات میں نریندر مودی کی جیت پر بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے سوال اٹھا دیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ بھارتی الیکشن کمیشن نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ مل کر عام انتخابات میں ووٹ چرائے اور عوام سے اُن کا حق چھین لیا۔
کانگریس کے رہنما اس حوالے سے دستاویزی ثبوت سامنے لے آئے اور کہا کہ کہیں ڈپلی کیٹ ووٹر آئی ڈیز بنائی گئیں تو کچھ حلقوں میں مکانوں کے جعلی ایڈرس بنائے گئے۔
رپورٹس کے مطابق کانگریس رہنما نے الزام عائد کیا کہ کہیں جعلی تصاویر کا استعمال کیا گیا، کم سے کم 100 سے زیادہ نشستوں پر ڈاکا ڈالا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر جعل سازی نہ ہوتی تو مودی آج بھارت کے وزیراعظم نہ ہوتے۔ پچھلے انتخابات میں بی جے پی، مودی اور ان کے ساتھیوں نے آئین پر حملہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن جو کر رہا ہے وہ غداری ہے، ہم کارروائی کریں گے، یہ بچ نہیں سکیں گے۔
دوسری جانب امریکا کی جانب سے مزید ٹیرف عائد کرنے ہر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی پُراسرار خاموشی پر شدید برہمی کا اظہار کر دیا۔
راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا 50 فیصد ٹیرف عائد کرنا معاشی بلیک میلنگ ہے، یہ ایک غیر منصفانہ تجارتی معاہدے میں بھارت کو دباؤ میں لانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر ہے وزیر اعظم نریندر مودی اپنی کمزوری کو بھارتی عوام کے مفادات پر غالب نہ آنے دیں۔