داماد نے سسر کو چھری کے وار سے قتل کر دیا

پنجاب کے شہر میں داماد نے سسر کو چھری کے وار سے قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ساہیوال کے گاؤں 92 سکس آر میں داماد نے سسر کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا، ملزم کا اپنی بیوی سے جھگڑا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم وقاص کا اپنی بیوی سے جھگڑا ہوگیا تھا تو سسر اور ساس بیٹی کو لینے اس کے سسرال آئے تھے، اسی دوران ملزم نے سسر کو تلخ کلامی پر قتل کر کے موقع سے فرار ہوگیا۔
اس سے قبل چنیوٹ میں شوہر نے اہلیہ پر ناجائز تعلقات کا الزام لگا کر سسر اور رشتے داروں کے سامنے اپنی بیوی کو قتل کردیا تھا جس کے بعد ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔
وللہ رائی گاؤں کی پروین بی بی کی 14 سال قبل ریاض نامی شخص سے شادی ہوئی تھی، تاہم ریاض اکثر مبینہ طور پر ناجائز تعلق کے الزامات لگا کر اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔
الزامات سے تنگ آ کر پروین بی بی کے والد شمن نے 25 اگست کو داماد ریاض کو مسئلے کے حل کے لیے گھر بلایا تھا، ریاض دوسرے داماد محمد اسلم کے ہمراہ پہنچا جبکہ پروین بی بی سے علیحدگی میں ملاقات کی درخواست کی،۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تھوڑی ہی دیر بعد پروین کے رونے کی آواز پر پروین کے والد اور گھر والے کمرے کی طرف آئے جہاں اسلم پروین کے ہاتھ پکڑے ہوئے تھا ریاض زنجیر سے گلا دبا رہا تھا،فیملی کی مزاحمت کے باوجود پروین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی، جبکہ ریاض اور اسلم موقع سے فرار ہوگئے۔