کراچی : مزدوروں کی فلاح وبہبود کی آڑ میں بدعنوانیوں کاانکشاف

کراچی : مزدوروں کی فلاح وبہبود کی آڑ میں بدعنوانیوں کے انکشاف کے بعد سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے افسران کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے افسران کے خلاف مبینہ بدعنوانیوں اور غیر قانونی ٹھیکوں کے الزامات پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
اینٹی کرپشن کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ کو لکھے گئے خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بورڈ کے افسران جعلی نیلامیوں کے ذریعے من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دیتے رہے ہیں اور سپرا رولز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ٹھیکیداروں سے رشوت وصول کر کے غیر قانونی طور پر ورک آرڈرز جاری کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن نے متعلقہ افسر کو 13 اگست کو ایڈیشنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے دفتر میں طلب کیا ہے۔ اس دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام کا بجٹ، ٹینڈر دستاویزات، جاری شدہ ورک آرڈرز اور ادائیگیوں کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے نام پر ہونے والی مبینہ بدعنوانیوں کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔