عالمی

امریکا کے لیے ایپل کا بڑا اعلان

ایپل نے امریکی معیشت میں مزید 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے امریکا میں مینوفیکچرنگ پروگرام شروع کرنے کے ساتھ ساتھ امریکا میں اپنی مجموعی سرمایہ کاری کو 600 بلین ڈالر تک بڑھانے کا عزم کیا ہے۔

اس وقت امریکا میں ایپل کی سرمایہ کاری کا حجم پانچ سو ارب ڈالر ہے جو آئندہ چار برسوں میں اب چھ سو ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا، گزشتہ روز کے اعلان میں نیا امریکن مینوفیکچرنگ پروگرام (AMP) شامل ہے، جس کے تحت امریکا میں ایپل کی مزید جدید مینوفیکچرنگ اور مزید سپلائی چَین لائی جائے گی۔ اس پروگرام کے ذریعے ایپل پورے امریکا میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کرے گا، جس سے عالمی کمپنیوں کو امریکا میں مزید اہم اجزا تیار کرنے کی ترغیب ملے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایپل کے سی ای او ٹم کک
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایپل کے سی ای او ٹم کک

اس وقت تمام 50 امریکی ریاستوں میں ایپل ہزاروں سپلائرز اور شراکت داروں کے ساتھ 450,000 سے زیادہ ملازمتوں کی حامل کمپنی ہے، جب کہ ایریزونا، کیلیفورنیا، آئیووا، کینٹکی، نیواڈا، نیویارک، شمالی کیرولینا، اوریگون، ٹیکساس اور یوٹاہ میں ایپل نے خود کو نمایاں طور پر توسیع دی ہے۔


اگلے چار سالوں میں ایپل امریکا میں براہ راست 20,000 لوگوں کی خدمات حاصل کرے گا، جنھیں R&D، سلیکون انجینئرنگ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، اور AI اور مشین لرننگ کے شعبوں میں ہائر کیا جائے گا۔

ٹرمپ اور ٹم کک وائٹ ہاؤس میں


اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایپل کے سی ای او ٹم کک نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بھی گفتگو کی، امریکی صدر نے کہا بگ بیوٹی فل بل کی منظوری سے معیشت میں بہتری آ رہی ہے، ٹیک کمپنیاں ملک میں سینکڑوں ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی اور تنخواہوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ایک سال پہلے امریکا کو دیوالیہ قرار دیا جاتا تھا، آج امریکی اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ ٹرمپ نے کہا انھوں نے سرمایہ کاری کے لیے خلیجی ممالک سمیت کئی ملکوں کے دورے کیے، اور ایپل سمیت امریکی کمپنیاں واپس امریکا لوٹ رہی ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button