قومی

کراچی: نئی حب کینال میں شگاف پڑنے کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

کراچی (6 اگست 2025): شہر قائد کو اضافی پانی فراہم کرنے کیلیے تعمیر کی گئی نئی حب کینال میں آب چھوڑتے ہی شگاف پڑنے کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 22 سال بعد شہر میں اضافی پانی لایا جا رہا ہے، جب بھی آپ بڑا کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گڈاپ روڈ کے قریب پانی چھوڑے جانے کی خبر بے بنیاد ہے، حب کینال منصوبے کی تمام چیزیں معمول کے مطابق ہو رہی ہیں، کینال کے ڈیزائن میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حب کینال میں نہانے اور تیراکی پر پابندی انہوں نے کہا کہ وفاق کے کراچی میں بہت سے منصوبے ہیں جن کا حال سب کے سامنے ہے۔

گزشتہ روز پروجیکٹ ڈائریکٹر سکندر زرداری نے بتایا تھا کہ نئی حب کینال منصوبے کا ٹیسٹ رن کامیابی سے مکمل کیا گیا، اس کیلیے پرانی لائن سے پانی چھوڑنا تکنیکی عمل تھا، ٹیسٹ 25 دن قبل کیا گیا تھا۔

سکندر زرداری نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر منصوبے کی ناکامی کی خبریں بے بنیاد ہیں، ویڈیو میں دکھائی جانے والی توڑ پھوڑ درحقیقت پرانی کینال سے پانی لینے کیلیے کٹ لگایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی حب کینال میں کوئی لیکیج یا فالٹ رپورٹ نہیں ہوا، شہری افواہوں پر یقین نہ کریں منصوبہ مکمل محفوظ ہے، ٹیسٹ کے دوران پانی کی روانی کا عمل واٹر کارپوریشن کی نگرانی میں مکمل ہوا، درجنوں ماہرین اور عملہ موقع پر موجود تھا، پروسیجر مکمل ریکارڈ کیا گیا۔

جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ حب کینال ٹو کا افتتاح 13 اگست کو ہی ہوگا، افتتاح چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ویڈیو کو توڑ مروڑ کر میڈیا کو دے رہے ہیں وہ شہر کے خیر خواہ نہیں، میڈیا کو خبر نشر کرنے سے قبل واٹر کارپوریشن سے تصدیق کرنی چاہیے تھی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button