صوبہ بھر میں 15 دن کے لئے دفعہ 144 نافذ، ماسک پہننے پر بھی پابندی

بلوچستان حکومت نے صوبہ بھر میں پندرہ یوم کے لئے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی، ماسک پہننے پر بھی پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں دفعہ ایک سوچوالیس کے تحت اسلحہ لیکر چلنے، پانچ سے زائد افراد کے اجتماع اور ماسک پہننے پر 15 دن کے لئے پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پندرہ یوم کے دوران کہیں بھی جلسے، جلوس یا دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی، عوامی مقامات پر ماسک اور مفلر کے ذریعے چہرہ ڈھانپنا بھی ممنوع ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیاہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے تحت صوبے میں پہلے ہی گاڑیوں کے کالے شیشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ 26 جولائی کو کوئٹہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا تھا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کا انجام عبرت ناک موت ہے، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچائیں گے، ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔